پٹنہ، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے شراب بندی کے نام پر گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کو پریشان کرنے کی مخالفت میں گاندھی جینتی کے دن اپنی ایک روزہ ہڑتال ملتوی کر دی ہے۔بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے صدر ادے شنکر پرساد سنگھ نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار چودھری کے ساتھ ایسو سی ایشن کی ایک میٹنگ کے بعد مذکورہ فیصلہ لیا گیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایوان کے صدر نے فیڈریشن کے وفد کو بتایا کہ تمام ضلع کو خط بھیجا گیا ہے کہ بس، ٹرک اور آٹورکشہ کے مالکان ، ڈرائیور اور کنڈکٹر وں کو غیر ضروری طورپر پریشان نہ کیا جائے۔سنگھ نے کہا کہ ٹرانسپوٹرس شراب بندی کی حمایت کرتے ہیں اور مکمل شراب بندی کے حق میں تمام کمرشیل گاڑیوں پر شراب کے خلاف پوسٹر چسپاں کیا جائے گا۔گاڑی پر سوار دوسرے لوگوں کے پاس سے شراب برآمد ہونے پر تقریبا ایک درجن گاڑیوں کے مالکان، ڈرائیوروں اور خلاصیوں کو گرفتار کئے جانے سے مشتعل بہار موٹر ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے گزشتہ 22؍اگست کو آئندہ 2؍اکتوبر کو ایک روزہ ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔فیڈریشن نے دعوی کیا تھا کہ تقریبا چار درجن بس اور ٹرک کو اس بنیاد پر مختلف تھانوں میں ضبط کرکے رکھا گیا ہے۔فیڈریشن کے صدر نے کہا تھا کہ اس کی مخالفت میں 1.25لاکھ ٹرک مالکان ، 40ہزار بس مالکان ، ان کے ملازمین، چار پہیہ والی 25ہزار گاڑیوں اور تقریبا ایک لاکھ آٹورکشہ کے مالکان آئندہ 2 ؍اکتوبر کو سڑکوں پر اپنی گاڑیاں نہیں اتاریں گے۔سنگھ نے شراب بندی کے نام پر کمرشیل گاڑیوں کے مالکان کو پریشان کئے جانے کے معاملات میں کمی آنے کی بات قبول کی ہے۔